, June 29 -- پٹنہ، 29 جون (یو این آئی) بہار ریاستی کانگریس کمیٹی کے بلاک صدور کا دو روزہ تربیتی کیمپ پیر کو ریاستی کانگریس ہیڈ کوارٹر، صداقت آشرم میں اختتام پذیر ہو گیا۔ اختتامی موقع پر پارٹی کے ریاستی انچارج کرشنا الّاورو نے کہا کہ تنظیم کو مضبوط کیے بغیر کسی بھی پروگرام کو کامیاب نہیں بنایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تمام رہنماؤں اور کارکنوں کو اپنی اپنی ذمہ داریوں کو ایمانداری سے نبھاتے ہوئے تنظیم کو مضبوط کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کرنی ہوں گی۔ صرف انتخابات کے وقت سرگرم ہو کر لیڈر بننے سے کسی کا بھلا نہیں ہو گا۔ کانگریس کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل عوام کے درمیان رہ کر کام کرنا ضروری ہے۔تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے این ایس یو آئی کے قومی انچارج ڈاکٹر کنہیا کمار نے کہا کہ کانگریس بوتھ کی سطح پر مضبوط ہو گی تبھی دہلی میں بھی مضبوط ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بلاک صدر ہی ریاستی صدر کی اصل طاقت ہیں۔ عوام کسی مسئلے پر لیڈر کے پاس پہنچیں، اس سے پہلے لیڈر خود عوام کے درمیان پہنچ کر ان کے مسائل کو سمجھے اور حل کرنے کی کوشش کرے۔ یہی کانگریس کا طریقہ کار اور پہچان ہے۔ دوسرے دن شرکاء نے پربھات پھیری نکالی۔ اس دوران پارٹی ہیڈ کوارٹر صداقت آشرم سے کرجی موڑ ہوتے ہوئے پربھات پھیری سائی بابا مندر پہنچی۔ وہاں سے پاٹلی پتر گولمبر ہوتے ہوئے گوسائیں ٹولہ کے راستے صداقت آشرم واپس لوٹی۔ پربھات پھیری کے بعد شرکاء نے آشرم کے احاطے میں شرمدان کے ذریعے صفائی کی.
हिंदी हिन्दुस्तान की स्वीकृति से एचटीडीएस कॉन्टेंट सर्विसेज़ द्वारा प्रकाशित