, Sept. 6 -- رانچی، 6 ستمبر (یو این آئی) جھارکھنڈ کے شہری ترقی و ہاؤسنگ، اعلیٰ و تکنیکی تعلیم، سیاحت، فن و ثقافت، کھیل کود اور امورِ نوجوانان کے وزیر اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے سینئر لیڈر سُدیویہ کمار کا کل دیر رات گریڈیہ میں ہارٹ اٹیک سے انتقال ہو گیا۔ان کے انتقال کی خبر سے جھارکھنڈ کے سیاسی اور سماجی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق سُدیویہ کمار گریڈیہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر تھے کہ اسی دوران اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ اہل خانہ اور حامی انہیں کل دیر رات فوری علاج کے لیے اسپتال لے کر پہنچے، جہاں ڈاکٹروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہ جا سکا۔مسٹر کمار کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی جے ایم ایم کے کارکنوں اور حامیوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ پارٹی قائدین اور ریاست کے کئی سینئر لیڈران نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اسے جھارکھنڈ کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔مسٹر کمار جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے سرکردہ لیڈران میں سے تھے اور طویل عرصے سے پارٹی کے ساتھ سرگرم عمل تھے۔ ان کے انتقال سے جے ایم ایم کے ساتھ ساتھ جھارکھنڈ کی سیاست میں بھی غم کا ماحول ہے۔ سدیویہ کمار عرف سونو گرڈیہ میں بہت مقبول تھے۔اس دوران وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ مسٹر سورین نے ایکس پر لکھا کہدیر رات اپنے بڑے بھائی، ہمارے عزیز سُدیویہ کمار سونو جی کے انتقال کی دردناک خبر ملی۔ اس خبر کو قبول کرنا میرے لیے انتہائی مشکل ہے۔ سونو بھیا کا جانا میری زندگی میں ایسا خلا چھوڑ گیا ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔سونو بھیا میرے لیے صرف ایک سینئر ساتھی یا سیاسی رفیق نہیں تھے، وہ ایک بڑے بھائی کی طرح تھے-محبت دینے والے، رہنمائی کرنے والے اور ہر مشکل وقت میں مضبوطی سے ساتھ کھڑے رہنے والے۔ ان کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات اور ان سے ملی سیکھ ہمیشہ میرے ساتھ رہے گی۔جھارکھنڈ تحریک کے دور سے ہی وہ بابا دیشوم گرو جی کے ساتھ پوری وفاداری اور مضبوطی سے کھڑے رہے۔ جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے ایک وقف سپاہی کے طور پر انہوں نے اپنی پوری زندگی جھارکھنڈ کی شناخت، حقوق اور خوداری کی لڑائی کے لیے وقف کر دی۔آج انہیں یاد کرتے ہوئے دل بار بار یہی سوچتا ہے کہ زندگی کتنی فانی ہے۔ کل تک جو آواز ہمارے ساتھ تھی، آج وہ صرف یادوں میں رہ گئی ہے۔"سونو بھیا، آپ کا جانا میرے لیے ذاتی نقصان ہے۔ آپ کی کمی ہمیشہ محسوس ہوگی۔ آپ کی محبت، آپ کی جدوجہد اور جھارکھنڈ کے لیے آپ کی وابستگی کو میں زندگی بھر ساتھ لے کر چلوں گا۔آپ ہمیشہ یاد آئیں گے بھیا...
हिंदी हिन्दुस्तान की स्वीकृति से एचटीडीएस कॉन्टेंट सर्विसेज़ द्वारा प्रकाशित