, Aug. 7 -- پروفیسر کے منصب پر ترقی، صدرِ شعبہ فارسی اور ڈیوٹی پرووسٹ مقرر ہونے پر علمی و ادبی حلقوں کی مبارکبادلکھنؤ /نئی دہلی، 7 اگست (یو این آئی) جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ممتاز محقق، کہنہ مشق استاد اور ماہرِ فارسی ڈاکٹر محسن علی کو پروفیسر کے منصب پر ترقی دیتے ہوئے شعبۂ فارسی کا صدر مقرر کر دیا ہے. اس کے ساتھ ہی انہیں جامعہ کے ایم ایم اے جے ہال آف بوائز ریزیڈنس کا ڈیوٹی پرووسٹ بھی نامزد کیا گیا ہے. ان اہم تقرریوں کو جامعہ کی علمی و انتظامی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے جس پر اساتذہ، طلبہ، محققین اور ادبی حلقوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے.

پروفیسر محسن علی کا شمار ملک کے ان ممتاز اساتذہ میں ہوتا ہے جنہوں نے فارسی زبان و ادب، ایرانی مطالعات، تقابلی ادب اور ہندوستانی علمی روایت کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں. وہ اپنی تدریسی صلاحیت، تحقیقی بصیرت، علمی دیانت اور انتظامی اہلیت کے باعث علمی دنیا میں ایک معتبر مقام رکھتے ہیں. ان کی نگرانی میں متعدد تحقیقی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ ان کے علمی مضامین اور تحقیقی مقالات قومی و بین الاقوامی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں.

پروفیسر محسن علی فارسی، ترکی، انگریزی، اردو اور ہندی زبانوں پر یکساں عبور رکھتے ہیں. مختلف زبانوں اور تہذیبوں پر ان کی گہری نظر نے انہیں بین الثقافتی اور بین اللسانی مطالعات کے میدان میں ایک منفرد شناخت عطا کی ہے. اس وقت وہ انڈین نظامِ علم کے تحت ایک اہم تحقیقی منصوبے پر بھی کام کر رہے ہیں جس کا مقصد ہندوستان کی کلاسیکی اور فکری روایت کو جدید تحقیقی تناظر میں پیش کرنا ہے.

صوفی اکیڈمی خانقاہ سہروردیہ چشتیہ خلیل پور شریف کا ماننا ہے کہ پروفیسر محسن علی کی قیادت میں شعبۂ فارسی تدریس، تحقیق، نصاب سازی، علمی سرگرمیوں اور بین الاقوامی روابط کے میدان میں مزید مضبوط اور مؤثر کردار ادا کرے گا. ان کی علمی بصیرت اور انتظامی تجربہ طلبہ اور محققین کے لیے ایک بہتر تعلیمی اور تحقیقی ماحول فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا.

اس موقع پر صوفی اکیڈمی خانقاہ سہروردیہ چشتیہ خلیل پور شریف، الہ آباد کے ڈائریکٹر سید انوار صفی اور اکیڈمی کے تمام اراکین خصوصیت کے ساتھ ڈاکٹر ناظر حسین، ڈاکٹر صدام حسین، ڈاکٹر محمد ریحان، ڈاکٹر اعجاز احمد، ڈاکٹر محمد سلمان، ڈاکٹر مہر النساء، ڈاکٹر ثنا اظہر، ڈاکٹر شیخ عشرت اقبال، ڈاکٹر رانی حفیظ، ضیاء اللہ صدیقی، صبا نعیم، گل فشاں نصیر، زیبا آرا، سید اکرام صفی، ابصار چشتی، عبد الجبار علیمی، اشتیاق احمد عارفی، رکن الدین عارفی، محمد سبحانی قادری، سید محمود عالم، نور اعلیٰ، محمد عارض سید کاشف حسین وغیرہ نے پروفیسر محسن علی کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقرری ان کی طویل علمی، تحقیقی اور تدریسی خدمات کا حقیقی اعتراف ہے. صوفی اکیڈمی کے ڈائریکٹر سید انوار صفی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پروفیسر محسن علی کی قیادت میں شعبۂ فارسی یقیناً نئی علمی جہتوں سے آشنا ہوگا اور قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت کو مزید مستحکم کرے گا.

صوفی اکیڈمی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پروفیسر محسن علی کو صحت، عافیت، استقامت اور مزید علمی کامیابیوں سے نوازے تاکہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیتے ہوئے علم و ادب کی خدمت کا یہ روشن سفر مزید کامیابی کے ساتھ جاری رکھ سکیں.

हिंदी हिन्दुस्तान की स्वीकृति से एचटीडीएस कॉन्टेंट सर्विसेज़ द्वारा प्रकाशित