, Aug. 8 -- ایٹانگر، 8 اگست (یو این آئی) اروناچل پردیش کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) کے ٹی پرنائک نے ہفتے کے روز ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) ڈاکٹر ایس ڈی سنگھ جاموال کے ساتھ امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔یہاں لوک بھون میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال، جرائم پر قابو پانے، عوامی تحفظ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تیاریوں اور نئے چیلنجز سے نپٹنے کے لیے ریاستی پولیس کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران انہوں نے بھتہ خوری اور اغوا کے واقعات کو روکنے کے لیے سیکیورٹی اقدامات کو مضبوط کرنے اور تیرپ-چانگ لانگ-لونگ ڈنگ خطے میں سرحد پر باڑ لگانے کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ مسلسل سماجی و اقتصادی ترقی اور 'ترقی یافتہ اروناچل' کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے ریاست میں ایک محفوظ ماحول کا ہونا نہایت ضروری ہے۔اجلاس کے دوران گورنر پرنائک نے 'سیکیورٹی ایپ' کے بارے میں معلومات شیئر کیں، جو شہروں میں شہریوں کو فوری سیکیورٹی امداد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ریاست میں اسے نافذ کرنے کے امکانات کا مطالعہ کیا جائے۔ تیرپ-چانگ لانگ-لونگ ڈنگ (ٹی سی ایل) خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے ہندوستان-میانمار سرحد پر باڑ لگانے کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی، تاکہ سکیورٹی نظام کو مضبوط بنایا جا سکے اور بھتہ خوری و اغوا جیسے واقعات پر روک لگائی جا سکے۔گورنر نے ڈی جی پی کو یہ بھی ہدایت دی کہ پولیس فورس الرٹ اور جدید سامان سے لیس رہے، تاکہ لینڈ سلائیڈنگ، ناگہانی سیلاب اور بادل پھٹنے جیسے قدرتی آفات کے دوران فوری تلاش اور بچاؤ کی کارروائی (سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن) کی جا سکے، جن سے ریاست کے پہاڑی علاقے اکثر متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کوئیک ریسپانس ٹیموں کو تیار رکھنے، پولیس، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، ضلع انتظامیہ اور مقامی برادریوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرنے اور آفات سے نپٹنے کی تیاریوں کو پرکھنے کے لیے باقاعدگی سے موک ڈرلز منعقد کرنے پر زور دیا۔اجلاس میں کرائم برانچ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) ڈاکٹر جوئے ٹرکی بھی موجود تھے.

हिंदी हिन्दुस्तान की स्वीकृति से एचटीडीएस कॉन्टेंट सर्विसेज़ द्वारा प्रकाशित