, Oct. 9 -- بلاسپور، 9 اکتوبر (یو این آئی) چھتیس گڑھ کے بلاسپور میں نوراتری کے تہوار سے قبل گربا تقریب کے انٹری پاسز کی تشہیر کے لیے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو پر تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ ویڈیو میں گربا کے روایتی لباس میں ملبوس لڑکیوں کو سگریٹ نوشی کرتے اور ہتھیاروں کی نمائش کرتے ہوئے دکھائے جانے پر بجرنگ دل سمیت مختلف ہندو تنظیموں نے سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔ تنظیم کے کارکنوں نے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کے دفتر پہنچ کر تحریری شکایت درج کرائی ہے اور ویڈیو میں شامل افراد کے خلاف کارروائی اور ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔آج حاصل ہونے والی اطلاعات کے مطابق، خود کو میک اپ آرٹسٹ بتانے والی شفا میتھیو نامی ایک لڑکی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر گربا سے متعلق کچھ تشہیری ویڈیوز شیئر کی ہیں۔ ان ویڈیوز میں "بیگم بغیر بادشاہ کس کام کا" گانے کا استعمال کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں گربا کے روایتی لباس میں لڑکیوں کو دھواں دھار سگریٹ نوشی کرتے، بندوق کی نمائش کرتے اور نوجوانوں کے ساتھ موٹر سائیکل پر بیٹھ کر گربا کے انٹری پاسز کی تشہیر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ان ویڈیوز کے منظر عام پر آنے کے بعد مقامی شہریوں اور ہندو تنظیموں نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ شکایت کنندگان کا الزام ہے کہ مذہبی عقیدت سے جڑے نوراتری کے تہوار اور گربا کی روایت کو تجارتی تشہیر کے لیے غلط طریقے سے استعمال کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس قسم کے مناظر سناتن ثقافت کے وقار کے خلاف ہیں اور اس سے لوگوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔بجرنگ دل کے صوبائی عہدیدار انکش ٹھاکر نے آج بتایا کہ نوراتری کے موقع پر شہر میں گربا تقریبات کی تیاریاں جاری ہیں۔ اسی دوران شفا میتھیو نامی لڑکی کی جانب سے گربا پاسز فروخت کرنے کے مقصد سے ویڈیو تیار کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ویڈیو میں گربا کے لباس میں عورتوں کو سگریٹ پیتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور بندوق کی نمائش بھی کی گئی ہے.
हिंदी हिन्दुस्तान की स्वीकृति से एचटीडीएस कॉन्टेंट सर्विसेज़ द्वारा प्रकाशित