, Sept. 26 -- لکھنؤ، 26 ستمبر (یو این آئی) سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر رام گووند چودھری کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری سماجوادی تحریک کی اس نسل کے رہنما تھے، جس نے ابتدائی دور میں سماجواد کی شناخت اور نظریہ کو مضبوط کرنے کا کام کیا۔مسٹر یادو نے کہا کہ ''رام گووند چودھری جی سماجوادی تحریک کے اہم رہنما رہے ہیں۔ ابتدائی دور میں جب سماجواد کی شناخت بنانی تھی، وہ اس نسل کے لوگوں میں شامل تھے۔ ان کے چلے جانے سے سماجوادی تحریک اور سماجوادی پارٹی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس دکھ کی گھڑی میں ہم تمام سماجوادی ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔''اکھلیش یادو نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ رام گووند چودھری سماجوادی اقدار، اصولوں اور مقاصد کی مشعل کو ہمیشہ روشن رکھنے والے عظیم سماجوادی تھے۔انہوں نے کہا کہ چودھری نے عظیم مجاہدِ آزادی اور سماجوادی رہنما جے پرکاش نارائن اور سابق وزیر اعظم چندر شیکھر کی قیادت میں سماجوادی نظریے کو آگے بڑھایا۔انہوں نے کہا کہ بلیا کی انقلابی زمین سے طالب علموں کی سیاست کے کٹھن راستے سے ہوتے ہوئے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے تک پہنچنے والے رام گوبند چودھری کی آواز اور ان کے دلائل کا ہمیشہ احترام کیا گیا۔ سماجی انصاف کے علمبردار کے طور پر وہ زندگی بھر جدوجہد کرتے رہے اور عوامی مفاد کو ہمیشہ سب سے زیادہ ترجیح دی۔ایس پی صدر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے طور پر چودھری نے اس وقت بھی ایوان میں اپنی آواز بلند رکھی، جب اسمبلی میں سماجوادی پارٹی کے 50 اراکینِ اسمبلی (ایم ایل اے) بھی نہیں تھے۔ ان کے بولنے پر ایوان انہیں سنجیدگی سے سنتا تھا۔اکھلیش نے ان کے بے باک بیانات، سچائی اور عوامی مسائل کے ساتھ وابستگی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زمینی سیاست اور عوام سے گہرے تعلق نے انہیں سماجی سیاست کی ایک فعال درسگاہ بنا دیا تھا.
हिंदी हिन्दुस्तान की स्वीकृति से एचटीडीएस कॉन्टेंट सर्विसेज़ द्वारा प्रकाशित