, July 23 -- امرتسر، 23 جولائی (یو این آئی) پنجاب میں امرتسر کمشنریٹ پولیس نے سرحد پار سے چلائے جا رہے غیر قانونی ہتھیار اور منشیات کی اسمگلنگ کے ماڈیول کا پردہ فاش کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔پولیس نے ان کے قبضے سے چھ جدید ترین پستول، ایک کلو گرام ہیروئن، ایک کلو گرام افیون اور 10 ہزار روپے کی ڈرگ منی برآمد کی ہے۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) گوراو یادو نے جمعرات کو بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت جوگا سنگھ (45) ساکن گاؤں دل، ضلع ترن تارن اور منپریت سنگھ (28) ساکن گاؤں کالی، ضلع ترن تارن کے طور پر ہوئی ہے۔ برآمد شدہ ہتھیاروں میں دو 30. بور ایکس-شاٹ پستول، دو 30. بور میڈ ان چائنا پستول، ایک 30. بور ترکی زیگانا اور ایک 30. بور پی ایکس-5 اسٹورم پستول شامل ہیں۔ پولیس نے اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی ان کی موٹر سائیکل بھی ضبط کر لی ہے۔ڈی جی پی نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں ملزمان بیرون ملک مقیم ایک ہینڈلر کے براہ راست رابطے میں تھے، جو بین الاقوامی سرحد کے پار سے غیر قانونی ہتھیاروں اور منشیات کی اسمگلنگ کروا کر انہیں مجرموں تک پہنچانے کا کام کرتا تھا۔ پورے نیٹ ورک کے آگے اور پیچھے کے رابطوں کا پتہ لگانے کے لیے تفتیش جاری ہے۔امرتسر کے پولیس کمشنر گرپریت سنگھ بھلر نے بتایا کہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے پہلے جوگا سنگھ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے چار غیر قانونی 30. بور پستول برآمد کیے۔ پوچھ گچھ کے دوران اس کے انکشاف پر مزید دو پستول برآمد کیے گئے۔ اس کے بعد کی کارروائی میں پولیس نے منپریت سنگھ کو گرفتار کر کے اس کے پاس سے ایک کلو گرام ہیروئن برآمد کی۔ بعد میں اس کی نشاندہی پر ایک کلو گرام افیون اور 10 ہزار روپے کی ڈرگ منی بھی برآمد کی گئی۔ پولیس تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ جوگا سنگھ غیر قانونی ہتھیاروں کی سپلائی کا نیٹ ورک چلا رہا تھا، جبکہ منپریت سنگھ اسی غیر ملکی ہینڈلر کی ہدایت پر سرحد پار سے منشیات کی اسمگلنگ کر رہا تھا۔مسٹر بھلر نے بتایا کہ جوگا سنگھ ایک عادی مجرم ہے، جس کے خلاف سال 2002 سے اب تک قتل، آرمز ایکٹ، این ڈی پی ایس ایکٹ، چوری، ڈکیتی اور لوٹ مار جیسے معاملات میں 21 مجرمانہ مقدمات ترن تارن، امرتسر دیہی، کپور تھلہ اور لدھیانہ دیہی میں درج ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سال 2019 میں بھی جوگا سنگھ کے خلاف تھانہ خالڑا میں ایک معاملہ درج ہوا تھا، جس میں وہ اپنے ساتھی کے ساتھ راوی ندی کے پار سے ڈرگز کی کھیپ لانے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس دوران اس کا ساتھی ندی پار کرتے ہوئے ڈوب گیا تھا۔اس سلسلے میں تھانہ چھیہرٹا میں آرمز ایکٹ اور تھانہ کینٹونمنٹ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت دو الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ پولیس پورے نیٹ ورک سے جڑے دیگر ملزمان اور غیر ملکی ہینڈلر تک پہنچنے کے لیے تفتیش میں مصروف ہے.

हिंदी हिन्दुस्तान की स्वीकृति से एचटीडीएस कॉन्टेंट सर्विसेज़ द्वारा प्रकाशित