, Oct. 9 -- وارانسی، 9 اکتوبر (یو این آئی) انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (بی ایچ یو) اور نیشنل ہائی ویز اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (این ایچ آئی ڈی سی ایل) نے ہائی وے انفراسٹرکچر کی ترقی، تکنیکی جدت طرازی اور مشترکہ تحقیق کو فروغ دینے کے لیے ایم او یو پر دستخط کیے ہیں۔آٹھ اکتوبر کو نئی دہلی میں واقع این ایچ آئی ڈی سی ایل کے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے اس معاہدے کا مقصد خاص طور پر پہاڑی اور سرحدی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر سے جڑے چیلنجوں کے تکنیکی حل تلاش کرنا ہے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے جدید ہائی وے انجینئرنگ، ڈھلانوں کے استحکام، پائیدار سڑک کی تعمیراتی تکنیکوں اور روڈ نیٹ ورک کی ریئل ٹائم نگرانی جیسے شعبوں میں مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ اس کے علاوہ دشوار گزار جغرافیائی حالات میں شاہراہوں کی تعمیر سے متعلق مسائل کے حل کے لیے مشترکہ تحقیقی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔اس شراکت داری کے تحت آئی آئی ٹی (بی ایچ یو) سڑک کی تعمیراتی مواد کی جانچ، ساخت کی حفاظت کا اندازہ، تکنیکی مشاورت اور این ایچ آئی ڈی سی ایل کے منصوبوں کے لیے ماہرانہ خدمات فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی طلبہ اور انجینئروں کے لیے تربیتی پروگرام، ورکشاپس اور انٹرن شپ کے مواقع بھی پیدا کیے جائیں گے۔معاہدے پر دستخط کے موقع پر این ایچ آئی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر کشن کمار (آئی اے ایس)، ڈائریکٹر (ٹیکنیکل) امریندر کمار، آئی آئی ٹی (بی ایچ یو) کے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے ڈین پروفیسر راجیش کمار اور منسٹری آف روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز کے چیئر پروفیسر، پروفیسر انکت گپتا موجود تھے۔ڈاکٹر کشن کمار نے تعلیمی تحقیق اور عملی تعمیراتی کاموں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ پروفیسر راجیش کمار نے کہا کہ اس تعاون سے ادارے میں ہونے والی تحقیق کو سڑک کی نقل و حمل کی عملی ضروریات سے جوڑنے میں مدد ملے گی۔ وہیں پروفیسر انکت گپتا نے اسے سڑک کی تعمیراتی ٹیکنالوجی میں جدت طرازی اور ہائی وے کے حفاظتی معیارات میں بہتری کی سمت میں ایک اہم اقدام قرار دیا۔ دونوں اداروں کو امید ہے کہ یہ شراکت داری ملک میں محفوظ، پائیدار اور ماحول دوست ہائی وے نیٹ ورک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی.

हिंदी हिन्दुस्तान की स्वीकृति से एचटीडीएस कॉन्टेंट सर्विसेज़ द्वारा प्रकाशित